سپریم کورٹ میں روزانہ کی بنیادپرسماعت کامطالبہ کیا
نئی دہلی،8اگست؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )راجیہ سبھا میں آج بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ سپریم کورٹ میں اس معاملے پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہونی چاہئے۔انہوں نے اس موضوع پر ایوان میں بحث کرائے جانے کی بھی مانگ کی۔سوامی نے وقفہ صفر میں یہ مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ یہ ضروری ہے کہ رام مندر کی تعمیر معاملے پر ایوان میں بحث ہو۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے انتخابی منشور میں بھی اس بات کا ذکر کیا گیا ہے کہ ہم قانونی طریقے سے اس کا حل نکالیں گے۔انہوں نے کہاکہ یہ تمام جماعتوں کو قابل قبول بھی ہے۔سوامی نے کہا کہ یہ معاملہ ابھی سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ چیئرمین کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے ویجلنس افسر سپریم کورٹ جائیں اور کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی درخواست کریں، جیسا انہوں نے ہائی کورٹ میں کیا تھا۔سوامی نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے پر ایوان میں بھی بحث ہونی چاہئے۔وقفہ صفر میں ہی کانگریس کے پی ایل پنیا نے ڈی اے وی پی کی نئی اشتہارات پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے دعوی کیا کہ یہ چھوٹے اور درمیانہ اخبارات کے لئے نقصاندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پالیسی میں اشتہارات کے لئے جن شرطوں کا ذکر کیا گیا ہے، وہ منصفانہ نہیں ہیں اور اس کی طرف پھر سے غور کیا جانا چاہئے۔جے ڈی یو کے ہری ونش نے ایک سرکاری بینک کی چندی گڑھ برانچ میں ایک افسر کی طرف سے302کروڑ روپے کی مبینہ دھاندلی کئے جانے کامسئلہ اٹھایا اور کیس میں سخت کارروائی کئے جانے کا مطالبہ کیا۔شرومنی اکالی دل کے پریم سنگھ چندوماجرا نے وقفہ صفر میں فصل کٹائی کے لئے استعمال کی جانے والی ہارویسٹنگ کمبائن مشین کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ ٹول پلازہ پر ان کے لئے کوئی ٹول شرح مقرر نہیں ہے جس کی وجہ سے ان کا استحصال کیا جاتا ہے اور دو سے چار ہزار روپے وصول کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب ان ہارویسٹگ کمبائن مشینوں کو لے کر پنجاب کے کسان دوسری ریاستوں میں جاتے ہیں تو وہاں پولیس کی طرف سے ان سے زبردستی وصولی کے ساتھ ہی ان کی پٹائی تک کر دی جاتی ہے۔چندوماجرا نے ٹریکٹر ٹرالی کی طرح ٹول پلازا پر ان مشینوں کو ٹول سے چھوٹ دیے جانے یا زیادہ سے زیادہ سو روپے ٹول شرح طے کئے جانے کی مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا۔